ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پاکستانی کرکٹ کے ایک عہدکاخاتمہ،شاہدآفریدی کاریٹائرمنٹ کااعلان

پاکستانی کرکٹ کے ایک عہدکاخاتمہ،شاہدآفریدی کاریٹائرمنٹ کااعلان

Tue, 21 Feb 2017 13:42:43    S.O. News Service

اب کرکٹ صرف شائقین کیلئے، ٹیم میں واپسی کیلئے نہیں:آفریدی
دبئی،20؍فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی نے واضح کردیا ہے کہ وہ اپنی انٹرنیشنل کرکٹ ختم کر چکے اور اب جتنی بھی کرکٹ وہ کھیل رہے ہیں وہ اپنے چاہنے والوں کے لیے ہے۔پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان میچ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ اپنے شائقین کے لیے کرکٹ کھیل رہے ہیں اور یہ کرکٹ پاکستانی ٹیم میں واپسی کے لیے نہیں ہے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ کے الوداعی میچ کا بھی بہت ذکر رہا تو کیا اب بھی آپ اس بارے میں سوچ رہے ہیں؟شاہد آفریدی کا جواب تھا،نہیں جی، خدا حافظ ہو چکا ہے۔ میں اپنی کرکٹ اپنے چاہنے والوں کے لیے کھیل رہا ہوں۔ جتنی بھی باقی ہے سال دو سال مزید کھیلوں گا۔اس وقت میرے لیے سب سے اہم میری فاؤنڈیشن ہے اسے چلانا ہے۔ جتنی سنجیدگی اور پروفیشنل طریقے سے اپنے ملک کے لیے کھیلنا تھا وہ میں کھیلا ہوں۔ شاہد آفریدی سے جب پوچھا گیا کہ اپنی کرکٹ سے کتنا لطف اٹھا رہے ہیں؟ ۔جس کا جواب انہوں نے اپنی مخصوص مسکراہٹ کے ساتھ دیتے ہوئے کہا کہ نظر آرہا ہے۔یاد رہے کہ شاہد آفریدی نے یہ کہا تھا کہ وہ انڈیا میں منعقدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے اختتام پر بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے لیکن عالمی مقابلے میں پاکستانی ٹیم کی شکست کے بعد وہ اپنے فیصلے پر عملدرآمد کے سلسلے میں تذبذب کا شکار دکھائی دئے۔چیف سلیکٹر انضمام الحق کی خواہش تھی کہ شاہد آفریدی کو ایک میچ میں موقع دے کر بین الاقوامی کرکٹ سے رخصت کیا جائے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس تجویز کو رد کر دیا۔36سالہ شاہد آفریدی کا بین الاقوامی کریئر 21سال پر محیط رہا۔ اس طویل عرصے میں انہوں نے 48ٹیسٹ، 398ون ڈے انٹرنیشنل اور 98ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔وہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 97وکٹیں حاصل کرنے والے بالر ہیں۔انہیں ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 351چھکے لگانے کا منفرد اعزاز بھی حاصل ہے۔شاہد آفریدی نے اکتوبر 1996ء میں سری لنکا کے خلاف صرف37گیندوں پر سنچری مکمل کی تھی جو 18سال تک ون ڈے انٹرنیشنل کی تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ رہا۔یہ ریکارڈ پہلے نیوزی لینڈ کے کوری اینڈرسن نے 36گیندوں پر سنچری بنا کر توڑا لیکن ایک سال بعد ہی جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز نے 31گیندوں پر سنچری بنا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
 


Share: